27.9 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںوزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ خان کی زیر...

وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ خان کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر میں "واٹر یوز چارجز”سے متعلق دیرینہ مسائل کے حل کیلئے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس

- Advertisement -

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور رانا ثناءاللہ خان کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر میں”واٹر یوز چارجز” سے متعلق مسائل کے حل کے لئے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس منگل کو وزارت بین الصوبائی رابطہ میں منعقد ہوا جس میں آزاد جموں و کشمیر کے مسائل کے حل کیلئے متعدد اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں حکومت آزاد کشمیر کے سینئر وزیر وقار احمد نور، وزیر توانائی چوہدری ارشد، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، ایم ایل اے چوہدری یاسین، وزیر بلدیات فیصل راٹھور، ڈاکٹر نجیب نقی، ایم ایل اے شاہ غلام قادر، چیئرمین قائمہ کمیٹی کابینہ ڈویژن ملک ابرار احمد، رکن کوآرڈینیشن کمیٹی مشتاق منہاس، چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام شرکاء نے پانی کے نرخوں سے متعلق مسائل پر اپنی اپنی آراء پیش کیں جبکہ وزارت توانائی آزاد کشمیر نے ان معاملات کا پس منظر، موجودہ صورتحال اور حل سے متعلق تجاویز پر مبنی پریزنٹیشن دی۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ان دیرینہ مسائل کا جلد اور پائیدار حل نکالا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ خان نے تمام سٹیک ہولڈرز کی آراء کی روشنی میں وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کی سربراہی میں پانچ رکنی ادارہ جاتی تکنیکی کمیٹی تشکیل دی جو پانی کے نرخوں سے متعلق معاملات کا تفصیلی تجزیہ کر کے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ مزید برآں اجلاس میں یہ اتفاق کیا گیا کہ حکومت آزاد کشمیر واٹر چارجز سمیت دیگر مسائل فریم کر کے دو ہفتوں میں کمیٹی کو فراہم کرے گی تاکہ کمیٹی کی آئندہ میٹنگ میں قابل عمل سفارشات بنائی جاسکیں۔ سٹیئرنگ کمیٹی کے تمام اراکین نے ان فیصلوں سے اتفاق کرتے ہوئے انہیں مسئلے کے حل کی جانب مثبت قدم قرار دیا۔ رانا ثناءاللہ خان نے اس موقع پر زور دیا کہ حکومت آزاد کشمیر اور پاکستان کے تمام متعلقہ ادارے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے ان مسائل کا جلد از جلد اور پائیدار حل نکالیں تاکہ آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں کو فوری ریلیف دیا جا سکے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں