اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ سی ڈی اے کے ماسٹر پلان کا ازسر نو جائزہ لیا جا رہا ہے، حکومت نے پارلیمنٹ کی مشترکہ آواز پر او آئی سی فورم میں شرکت نہیں کی، قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں فنانس بل کو منظور کرا لیا جائے گا۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا پلان 1960ءمیں بنایا گیا، ماسٹر پلان بنانے والوں نے یہ واضح کیا تھا کہ بیس سال کے بعد پلان پر دوبارہ غور کیا جائے گا، مگر بدقسمتی سے 60 سال میں سی ڈی اے کے ماسٹر پلان کو تبدیل نہیں کیا گیا، اب اس حوالے سے کام کیا جا رہا ہے، سی ڈی اے کے ماسٹر پلان کا ازسر نو جائزہ لیا جا رہا ہے، اس حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کام کر رہی ہے بہت جلد اس مسئلہ کو حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی سمیت ملک کی موجودہ صورتحال پر مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے مثبت تجاویز آئیں، ان میں سے ایک تجویز یہ تھی کہ حکومت بھارتی وزیر خارجہ کی موجودگی میں او آئی سی کے اجلاس میں شرکت نہ کرے جس کی وجہ سے پاکستان نے او آئی سی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فنانس بل کو ملک کی کامرس ٹریڈ ایسوسی ایشن نے سراہا ہے جس سے ملک و قوم کو ریلیف ملے گا، بالخصوص ٹریڈ ایسوسی ایشن کو کافی حد تک فائدہ ہو گا، ایل او سی کی صورتحال کی وجہ سے فنانس بل منظور ہونے میں تاخیر ہوئی، قومی اسمبلی کے رواں اجلاس سے بل منظور کروا لیا جائے گا۔