وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داﺅد کی میڈیا سے گفتگو

70

اسلام آباد ۔ 18 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ سپلیمنٹری بجٹ میں خام مال پر ڈیوٹی میں کمی لائی جائے تاکہ صنعتی شعبوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ منگل کو وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ملکی صنعتی شعبہ میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، انجینئرنگ کے شعبہ کو ترقی دے کر اس میں بہتری لاکر برآمدات کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف ٹیکسٹائل کے شعبہ پر انحصار ہی کافی نہیں، دنیا میں ٹیکسٹائل کے شعبہ میں مجموعی برآمدات میں تنزلی دیکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر انجینئرنگ کی برآمدات کا حجم چار ٹریلین ڈالر سے زائد ہے، پاکستان انجینئرنگ کے شعبہ کو مزید ترقی دے کر برآمدات میں بہتری لا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریکٹروں کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، کوشش ہے کہ دیگر انجینئرنگ مصنوعات کی پیداوار بڑھا کر برآمدات میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ آئندہ سپلیمنٹری بجٹ میں خام مال پر ڈیوٹی کو کم کیا جائے تاکہ صنعتوں کو سستا خام مال دستیاب ہو سکے۔