وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا سکھ مذہب کے روایتی تہوار بیساکھی میلہ اورخالصہ جنم دن کی تقریب سے خطاب

حسن ابدال۔ 14 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اقلیتوں کے حقوق پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، سکھ یاتری پاکستان کو اپنادوسرا گھر تصور کریں،ننکانہ صاحب میں یونیورسٹی قائم کرنے کے ساتھ واگزار کرائی گئی زمین پر بڑا جنگل لگا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو سکھ مذہب کے روایتی تہوار بیساکھی …

حسن ابدال۔ 14 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اقلیتوں کے حقوق پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، سکھ یاتری پاکستان کو اپنادوسرا گھر تصور کریں،ننکانہ صاحب میں یونیورسٹی قائم کرنے کے ساتھ واگزار کرائی گئی زمین پر بڑا جنگل لگا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو سکھ مذہب کے روایتی تہوار بیساکھی میلہ اورخالصہ جنم دن کی 321ویں تقریب کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری آفتاب جہانگیر اور رکن صوبائی اسمبلی سید خاور شاہ نے بھی خطاب کیا۔ملک امین اسلم نے کہا کہ بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کو وزیراعظم عمران خان کی طرف سے خوش آمدید کہتا ہوں اور وہ اقلیتوں کے حقوق پر بھرپورتوجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سکھ یاتریوں کو محبت امن اور بھائی چارے کا پیغام دینا چاہتے ہیں اور یہ امید کرتے ہیں وہ ہمارے اس پیغام کا دنیا بھر میں پرچار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پہلے کابینہ کے اجلاس میں ہی فیصلہ کیا تھا کہ کرتار پور راہداری منصوبہ پر عمل کیا جائے گا اور انہوں نے یہ کارنامہ سر انجام دیکر ناممکن کام کو ممکن کر دکھایا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور دیگر ممالک سے آئے سکھ یاتری پاکستان کو اپنا دوسرا گھر تصور کریں اور انہیں یہاں پر بہتر سے بہتر سہولیات دی جائیں گی۔ امین اسلم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ننکانہ صاحب میں اڑھائی ہزارایکڑ سے زائد زمین واگزار کرا چکی ہے جس پر جنگلات کاذخیرہ لگانے جارہے ہیں اور اس جگہ کا نام بابا گرو نانک رکھا جائے گا، اس کے علاوہ عمران خان کے ویژن کے مطابق ننکانہ صاحب میں یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سب اقدامات وزیراعظم کے اقلیتوں سے محبت کا اظہار ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آفتاب جہانگیر نے کہا کہ وفاقی حکومت سکھ برادری کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے یہاں پر تمام اقلیتوں کو اپنی مذہبی رسومات منانے کی ادائیگی کی مکمل آزادی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ آج مجھے سر حدپار سے آئے سکھ یاتریوں کو دیکھ کر خوشی ہورہی ہے جو اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ حکومت وقت کے ساتھ ساتھ یاتریوں کو مزید سہولیات فراہم کرے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حسن ابدال سے رکن صوبائی اسمبلی سید یاور بخاری نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے سکھ، ہندو، عیسائی یا دیگر مذاہب کے پیروکار ہمارے بھائی بہن ہیں اور انہیں ملک کے دیگر شہریوں کی طرح برابر حقوق حاصل ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمان اور سکھ قوموں کا شمار ہمیشہ ظلم کے خلاف کھڑے ہونے والوں میں ہوتا ہے کیونکہ یہ وہ قومیں ہیں جنہوں نے کٹھن حالات کا دلیری سے مقابلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرتارپور راہداریکھول کر سکھ برادری کے لیے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے آسانیاں پیدا کی ہیں اورکرتار پور سے ننکانہ صاحب تک موٹروے ہماری مستقبل کی منصوبہ بندی میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں رکن صوبائی اسمبلی مہندر پال سنگھ پر فخر ہے جو پنجاب اسمبلی میں سکھ برادری کی بھرپور نمائندگی کرنے کے ساتھ ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر چئیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ طاہر احسان نے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری آفتاب جہانگیر کو خصوصی تحفہ بھی پیش کیا۔

مزید خبریں

Leave a Reply