وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی ”اے پی پی“ سے گفتگو

77

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی)وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں 14 اگست سے پلاسٹک کے لفافوں کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی‘ پلاسٹک سے پھیلنے والی آلودگی پر قابو پانے کے لئے متبادل ذرائع کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ جمعہ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ نے پلاسٹک بیگ تیار کرنے والوں کو پولی تھین بیگز کے متبادل اختیار کرنے کی اجازت دی ہے یہ متبادل پٹسن، کاٹن، ری سائیکل شدہ اور دوبارہ قابل استعمال پلاسٹک بیگز اور تحلیل ہونے والے دیگر نامیاتی اجزاءجیسے کہ نشاستے کے بیگز کی تیاری کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی سائنسز کے طلباءنے اس مسئلے کے بہت سے نئے حل پیش کئے ہیں جنہیں عوام اور ماحولیات کی بہتری کیلئے اپنایا جا سکتا ہے۔ امین اسلم نے کہا کہ اس وقت ملک میں تقریباً 55 ارب پلاسٹک بیگ تیارہو رہے ہیں جبکہ 1990ءمیں یہ تعداد ایک کروڑ تھی، موجودہ صورتحال پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں آگہی مہم شروع کی گئی ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ نہ صرف پلاسٹک بیگز کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی جائے بلکہ ماحولیات کیلئے نقصان کا سبب بننے والے معاشرتی رویوں میں بھی تبدیلی لائی جائے۔