وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا اٹک میں اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ حکومت نے چھوٹے تاجر طبقے کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے لاک ڈاون میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے، اب کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے تاجر برادری کو بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس اٹک میں …

اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ حکومت نے چھوٹے تاجر طبقے کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے لاک ڈاون میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے، اب کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے تاجر برادری کو بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس اٹک میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اٹک سمیت ضلعی انتظامیہ ، تاجربرادری اور چیمبرآف کامرس کے نمائندگان نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے اٹک میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال اور اس سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اٹک میں احساس کفالت پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت پورے ضلع میں 21 کے قریب احساس کفالت سنٹر کام کررہے ہیں اور اب تک تقریبا 30 ہزار مستحق خاندانوں میں 37 کروڑ 13لاکھ روپے کی رقوم تقسیم کی جاچکی ہیں۔ کورونا ٹائیگر فورس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف تحصیلوں میں ٹریننگ کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ ٹائیگر فورس اس مشکل گھڑی میں حکومت کا ہاتھ بٹائے گی اور ان شاء اللہ اٹک میں بھی بہت جلد ٹائیگر فورس کی لانچنگ تقریب ہوگی ۔ بعدازاں مینا بازار اٹک کے تاجروں نے ملک امین اسلم کو لاک ڈاون کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔ ملک امین اسلم نے تاجر برادری کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چھوٹے تاجر طبقے کی مشکلات کا احساس ہے اور اسی وجہ سے لاک ڈاون میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس وبا سے نمٹنے کے لیے تاجر برادری کو بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا ۔ اس موقع پر ملک امین اسلم نے ڈی سی اٹک کو ہدایت کی کہ تاجر برادری سے میٹنگ کرکے ان کی تجاویز کو بھی ایس او پیز میں شامل کیا جائے ۔