ایبٹ آباد۔ 19 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ ہزارہ کی مسلم لیگ سے غیر متزلزل وابستگی دراصل پاکستان سے وابستگی ہے، ایبٹ آباد کے جم غفیر نے ثابت کر دیا ہے کہ دلوں کے وزیراعظم نواز شریف نے عوامی مقدمہ جیت لیا ہے، پاکستان کے عوام نے سازشوں کی پٹاری کو لات مار کر تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دیا ہے، جمہوریت و آئین کی بالادستی، اداروں کی سربلندی اور پاکستان کی بقاءجمہورت میں مضمر ہے۔ وہ اتوار کو کالج گرا¶نڈ ایبٹ آباد میں منعقدہ مسلم لیگ (ن) کے جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا حافظہ کمزور نہیں ہے، قوم کو اچھی طرح یاد ہے کہ 2013ءسے پہلے ملک کا چپہ چپہ دہشت گردی کی آگ میں جل رہا تھا، کرپشن کا یہ عالم تھا کہ مستحقین زکوٰة سے لیکر حاجیوں کو لوٹا جا رہا تھا، ملکی معیشت دیوالیہ ہو رہی تھی، پاکستان کے وجود پر سوالیہ نشان لگ چکا تھا، ملک میں تاریکیوں کا راج تھا، گیس کی عدم فراہمی سے چولہے ٹھنڈے اور کارخانے بند پڑے تھے، مزدوروں سے روزگار اور معیشت کا پہیہ رک چکا تھا، سرمایہ اور ذہانت ملک سے بھاگے جا رہے تھے۔ مسئلہ کشمیر سمیت اہم معاملات پر دستبرداری نظر آ رہی تھی، پاکستان میں ادارے بدحال اور قوم نڈھال ہو چکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے آنے کے ساتھ ہی پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے دشمنوں کے تیور بھانپ چکے تھے، یہی وجہ تھی کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے پہلے ہی سال پاکستان اور اس کے عوام کو اسی غریب، پسماندگی اور بدامنی کے اندھیروں میں ڈوبے رکھنے کےلئے دارالحکومت اسلام آباد میں دھرنے کا ڈرامہ رچایا گیا اور ہر سازش کی ناکامی کے بعد ایک نئی سازش کے تانے بانے بنائے گئے ۔