وزیراعظم کے مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے ماحولیات کے حوالے سے پاکستان سیٹیزن پورٹل ایپلی کیشن پر آنے والی شکایات کا جائزہ لیا، شکایات کے فوری ازالہ کی ہدایات جاری کردیں

81

اسلام آباد ۔ 08 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے جمعہ کو ماحولیات کے حوالے سے پاکستان سیٹیزن پورٹل ایپلی کیشن پر آنے والی شکایات کا جائزہ لیا اور شکایات کے فوری ازالہ کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر ماہ کے پہلے ہفتہ کے دوران تمام شکایات کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹس باہمی روابط مضبوط بنائیں تاکہ موصول ہونے والی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہو سکے۔ جوائنٹ سیکریٹری انٹرنیشنل کوآپریشن حماد شمیمی اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی فرزانہ الطاف نے ملک امین اسلم کو سٹیزنز پورٹل ایپلی کیشن پر آنے والی شکایات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق عوامی مسائل اور شکایات کا بروقت حل ترجیح ہے اور اس میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ جوائنٹ سیکریٹری انٹرنیشنل کوآپریشن حماد شمیمی نے بتایا کہ ماحولیات کے حوالے سے تمام شکایات فوری حل کی جاتی ہیں اور اکثر شکایات کا تعلق پودوں کی فراہمی اور وزارت میں اسامیوں سے متعلق ہوتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی فرزانہ الطاف نے بتایا کہ اب تک ای پی اے نے پورے ملک سے 110 شکایات موصول کی ہیں اور 90 شکایات پر بروقت اقدامات اٹھائے جو سملی ڈیم میں آلودہ پانی کی روک تھام، سنگ جانی کرشنگ پلانٹ کی منتقلی، زیارت شہر میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر ایکشن کے حوالے سے تھیں اور بعض شکایات ایسی ہیں جن کا تعلق کسی دوسرے محکمہ سے ہوتا ہے اور ہم متعلقہ محکمہ سے رجوع کرتے ہیں تاکہ اس پر ایکشن لیا جائے۔ ملک امین اسلم نے ہدایت کی کہ شکایات کی مکمل رپورٹ انہیں پیش کی جائے۔