وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس

اسلام آباد ۔ 13 دسمبر (اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے ایک سال میں 130 ارب روپے کی اراضی واگزار کرائی ہے، پنجاب میں گزشتہ 35 سال میں اقتدار میں رہنے والوں نے سرکاری اراضی پر قبضے کر رکھے ہیں، مریم اورنگزیب اور شہباز شریف میرے پوچھے گئے 18 سوالوں کے جواب دیں، مریم نواز کی بیرون ملک …

اسلام آباد ۔ 13 دسمبر (اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے ایک سال میں 130 ارب روپے کی اراضی واگزار کرائی ہے، پنجاب میں گزشتہ 35 سال میں اقتدار میں رہنے والوں نے سرکاری اراضی پر قبضے کر رکھے ہیں، مریم اورنگزیب اور شہباز شریف میرے پوچھے گئے 18 سوالوں کے جواب دیں، مریم نواز کی بیرون ملک جانے کے لئے درخواست موصول ہونے پر اس پر قانون کے مطابق کارروائی کریں گے، نواز شریف کا بیرون ملک علاج کے لئے دیا گیا وقت ختم ہونے کو ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کے دوران ایسٹ ریکوری یونٹ کے متعلق غلط اعداد و شمار پیش کئے حالانکہ اس حوالے سے قومی اسمبلی میں تفصیلی جواب تحریری طور پر دیا گیا تھا اور انہوں نے جو بھی متعلقہ سوال پوچھے تھے ان کا ایک ماہ میں جواب دیا گیا ہے حالانکہ گزشتہ حکومتوں میں یہ دو، دو سال سوالوں کے جواب نہیں دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے میرے 18 سوالوں کے جواب ابھی تک نہیں دیئے، ان کو ڈھونڈ رہا ہوں، اس معاملے سے توجہ ہٹانے کے لئے دیگر ایشوز پیدا کئے جا رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی بی ٹیم ہر چیز کی ذمہ داری شہباز شریف اور نواز شریف پر ڈال دیتی ہے تاکہ ان کے کارنامے چھپ جائیں لیکن ایسا نہیں ہو گا بی ٹیم والے بھی پکڑے جائیں گے۔ ان کے لیڈر کو سزا ہوئی تو وہ اس پر مٹھائیاں بانٹ رہے تھے اس لئے ہم نے قومی اسمبلی میں سوالات کے جوابات انگلش کی بجائے اردو میں دیئے تاکہ انہیں سمجھ آ جائیں لیکن ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یونٹ بیرون ملک اثاثوں کی معلومات حاصل کرتا ہے جن میں نیب اور دیگر اداروں کی معاونت شامل ہوتی ہے۔ حال ہی میں برطانیہ کی کرائم ایجنسی کی مدد سے 250 ملین ڈالر کی واپسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اثاثہ جات ریکوری یونٹ نے کل مختص کردہ فنڈز میں سے صرف 23 فیصد خرچ کئے۔ مجموعی اخراجات 15.38 ملین روپے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جاری مالی سال کے لئے یونٹ نے اب تک مختص فنڈ میں صرف 8.28 ملین خرچ کئے ہیں جن میں صرف 11 فیصد خرچ ہوئے ہیں۔ بیرون ملک اثاثہ جات کی واپسی کا عمل جاری ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اینٹی کرپشن نے گزشتہ ایک سال کے دوران پنجاب میں 130 ارب روپے کی زمین واگزار کرائی ہے۔ 35 سال سے اقتدار میں رہنے والوں نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ٹاسک فورس اور موجودہ حکومت کی ٹاسک فورس کی سفارش پر ایسٹ ریکوری یونٹ قائم کیا گیا۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے ایک سال کے دوران 130 ارب روپے کی اراضی جبکہ 2 ارب روپے نقد وصول کئے ہیں، نیب نے بیرون ملک منی لانڈرنگ کے مقدمات میں پلی بارگین سے وصولیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب عوام کو گمراہ نہ کریں، وہ عوام کو نثار گل، احمد علی اور کیش بوائز منصور انور اور شعیب قمر کے شہباز شریف کے ساتھ تعلقات اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اداروں کو مستحکم کیا ہے اور وہ آزادی سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں آئوٹ آف کورٹ سول سیٹلمنٹ کے ذریعے 190 ملین پائونڈز وطن واپس لائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر اینٹی کرپشن پنجاب کے زیر اہتمام رپورٹ کرپشن ایپ کا افتتاح کیا، حال ہی میں بوریوالا میں ایک شخص کی اس ایپ کے ذریعے شکایت پر 80 ملین روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی ہے اور یہ کارروائی 24 گھنٹوں میں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب مکمل طور پر خود مختار اور آزاد ادارہ ہے، نیب آزادانہ طور پر حکومت سمیت سب کا احتساب کرتا ہے، حکومت منی لانڈرنگ کے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے، با اثر افراد کے خلاف میگا کرپشن مقدمات میں قانونی موشگافیوں جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے ابھی تک وزارت داخلہ کو کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، درخواست ملنے پر قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ سمیت دیگر امور پر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان معاہدے پر کافی حد تک کام ہو چکا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے برطانیہ میں قیام کے حوالے سے حکومت پاکستان نے برطانیہ کو ایک خط لکھا ہے، ان کے بیرون ملک علاج کے لئے ضمانت کا وقت ہونے کو ہے، اس حوالے سے انہیں پنجاب حکومت سے رابطہ کرنا ہو گا، تمام شواہد دیکھ کر اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء اور بار ایسوسی ایشنز نے لاہور واقعہ کی مذمت کی ہے، ہمیں پرتشدد رویئے اختیا رکرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس حسان خان نیازی کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے۔