اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومتوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنما بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث ہیں اور انہیں احتساب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے اپنے اپنے حکومتی ادوار کے دوران قومی دولت کو لوٹا، لوگ آصف علی زرداری اور نواز شریف کی سیاست سے بخوبی آگاہ ہیں۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتیں ہی موجودہ افراط زر کی ذمہ دار ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ناقص اور غلط پالیسیوں نے ملکی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے اور اس مقصد کے لیے مشکل اور سخت فیصلے کیے جا رہے ہیں۔