اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ اشرافیہ نے ہمیشہ حقائق کو عوام کی آنکھوں سے اوجھل رکھا اور یہ لوگ تواتر کے ساتھ جھوٹ بولتے رہے، وزیراعظم عمران خان شفافیت پر یقین رکھتے ہیں، انہوں نے 25 سال پہلے جو بات کی تھی آج بھی وہ اسی پالیسی پر کھڑے ہیںِ، عوام کے پیسے کی حفاظت اور لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کیلئے حکومت سے جو ہو سکا کرے گی۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے قائدین کی بدعنوانیوں کے قصے کہانیاں سن کر بڑے ہوئے ہیں اور پوری قوم کو ان کی کرپشن کی داستانوں کا علم ہے، دونوں خاندانوں نے نوراکشتی کی اور عوام کو بے وقوف بنایا، یہ لوگ اپنی جائیدادوں کے حوالے سے ہمیشہ جھوٹ بولتے رہے
آصف علی زرداری نے پہلے کہا کہ سرے محل ان کا نہیں، پھر کہا ان کا ہے، اسی طرح انہوں نے پہلے کہا کہ سوئس بینکوں میں 60 ملین ڈالرز ان کے نہیں بعد میں کہا ان کے ہیں، سابق حکمرانوں نے اپنی جائیدادوں کی تفصیلات عوام کی پہنچ سے دور رکھیں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شفافیت پر یقین رکھتے ہیں، آج بھی ان کی وہی پالیسی ہے جو 1996ءمیں تھی کہ عوام کے پیسے کا تحفظ کرنا ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بیرون ممالک دوروں کی تفصیلات عوام کو دکھاتے ہیں،
نوازشریف نے ڈھائی لاکھ ڈالرز میں کابل کا دورہ کیا تھا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے دس ہزار ڈالر میں کابل کا دورہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر وہ فیصلہ کرے گی جس سے عام شہری کے حقوق اور ان کے مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے، آصف علی زرداری کے سوئس مقدمات کے حوالے سے براڈشیٹ کمیشن کی جانب سے جو بھی سفارشات آئیں گی حکومت انہیں سپورٹ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سزا اور جزا کا فیصلہ کرنا حکومت کا نہیں عدالتوں کا کام ہے،تحریک انصاف حکومت پوری کوشش کرے گی کہ انصاف ہو اور لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لائی جائے۔