اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہیں، گذشتہ ایک برس میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 85 فیصد بڑھی ہیں۔
جمعہ کو بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ ماہ تیل کی قیمتیں 10فیصد بڑھیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ حکومت پہلے ہی تیل پر ساڑھے 10 فیصد سیلز ٹیکس اور 5 روپے پٹرولیم لیوی لے رہی ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں ایک سال میں 85 فیصد بڑھی ہیں، پاکستان میں ایک سال میں قیمتیں صرف 20 فیصد بڑھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خطے کے ممالک کے مقابلے میں پٹرول اب بھی سب سے سستا ہے۔