وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت اجلاس

146

اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اسلام آباد کیپیٹل میں ہسپتالوں میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منگل کو اجلاس منعقد ہوا۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے ہسپتالوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں راول میڈیکل ہسپتال خاقان وحید خواجہ ایچ بی ایس میڈیکل کالج سے ڈاکٹر ریاض جنجوعہ، ای ایم ڈی سی کالج کے اکبر خان نیازی، رفاعہ انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد وطین جنرل ہسپتال سے میاں رشید نفیس، میڈیکل ہسپتال سے عمر علی خان اور مارگلہ انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سے عبد القادر نے شرکت کی۔ اس موقع پر معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے وفاقی ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے بچاو¿ کیلئے بیڈز کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے، اس صورتحال میں ہم سب یکجا ہوکر قومی چیلنج کا مقابلہ کر رہے ہیں، حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ ملکر کورونا وائرس سے بچاو¿ کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے 8 ہسپتالوں نے 240 ایسولیشن رومز کی پیشکش کی ہے، ایک ہزار سے زائد بیڈز دینے کا اعلان بھی کیا ہے، پرائیویٹ ہسپتالوں کی طرف سے 80 وینٹی لیٹر کی سہولت فراہم ہو گی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کیسز کو ریفر کیا جائے گا، پرائیویٹ ہسپتال والے کورونا وائرس کے مریضوں کا مفت علاج فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہیلتھ پروفیشنلز کو ضرورت پڑنے پر تمام حفاظتی ماسک اور آلات فراہم کرے گی، جن ہسپتالوں کی لیبز میں پی سی آر کے طریقہ پر ٹیسٹ کی سہولت ہو گی ان کو کٹس بھی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے پرائیویٹ ہسپتال کے سربراہان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔