وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی ترلائی ویکسی نیشن سنٹر میں میڈیا سے گفتگو

66

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، 9 لاکھ افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے، ویکسی نیشن کا عمل منظم انداز سے چل رہا ہے، نوجوانوں کی ویکسی نیشن مرحلہ وار شروع کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ترلائی ویکسی نیشن سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں کوشش ہو گی کہ ملک کی زیادہ سے زیادہ آبادی ویکسی نیشن کے عمل سے مستفید ہو، ویکسی نیشن کا عمل منظم انداز سے جاری ہے اور اب تک 9 لاکھ افراد کو ویکسی نیشن دی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترلائی ویکسی نیشن سنٹر کو اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ معذور اور بزرگ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک 9 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کی جا چکی ہے جو اگلے چند دنوں میں 10 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کو پوری طرح کورونا سے بچانے کیلئے ہمیں کروڑوں لوگوں کو ویکسین لگوانی ہے۔ ویکسین کی فراہمی جاری ہے، حکومت ویکسین خرید رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ویکسین بزرگ شہریوں کو لگانا شروع کی تھی، اب ہم اس کو 60 سال سے کم افراد کیلئے بھی شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 65 سال سے زائد عمر کے لوگ کسی بھی سنٹر میں جا کر اپنا شناختی کارڈ دکھا کر ویکسین کرا سکتے ہیں، یہ عمل نہایت منظم طریقہ سے چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار اس کو ہم نوجوانوں تک بھی لے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ اگر ہمیں دل کا عارضہ ہو تو کیا ہم یہ ویکسین لگا سکتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ یہ ویکسین بالکل محفوظ ہے، اگر آپ کی باری آ رہی ہے یا اگر آپ عمر کے اس حصہ میں ہیں تو بے خطر ہو کر ویکسین لگوائیں، یہ بالکل محفوظ ہے، یہ ویکسین نہ صرف آپ کو بیماری سے بچائے گی بلکہ شدید بیماری سے بچانے میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اگلے چند ماہ میں ہماری کوشش ہو گی کہ 18 سال کی عمر کے نوجوانوں کو ویکسین لگ جائے تاکہ اس بیماری کے پھیلائو میں رکاوٹ آئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تیسری لہر ہے اس میں احتیاطی تدابیر کی سخت ضرورت ہے، ماسک کا استعمال کریں ، ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں، حکومت کی طرف سے جاری ایس او پیز پر عمل کریں، ہم احتیاط برتیں گے تو وبا کا زور ٹوٹنا شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ باہر جانے سے پہلے ماسک کا استعمال لازمی کریں۔