اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ کے استعفیٰ کے حوالہ سے چلائی جانے والی خبر صریحاً من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔ بدھ کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ امر افسوسناک ہے کہ ایک من گھڑت خبر کی تردید کے باوجود بھی بعض حلقے ایسی بے بنیاد خبر کو اچھال رہے ہیں، ایسی من گھڑت خبروں کی تشہیر کرتے وقت اس بات تک کا خیال نہیں رکھا جاتا کہ ایسی بے سروپا خبروں سے ملک کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ افتخار درانی نے کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ کسی بھی خبر کی تشہیر سے پہلے وزیراعظم کے ترجمان سے تصدیق کر لی جائے اور ایسا کرنا نہ صرف میڈیا نمائندگان کی صحافتی بلکہ اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔