اسلام آباد ۔ 7 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن فری پاکستان کے لیے 22 سال تک جدوجہد کی۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں کرپشن کے خلاف مہم چلانے کے منشور پر 2018ءکے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تمام کرپٹ عناصر کے احتساب کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ملک سے کرپشن کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آزاد و خودمختار ادارہ ہے جو کرپشن کرنے والوں اور قومی دولت لوٹنے والوں کے خلاف آزادانہ طریقے سے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قومی دولت لوٹنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دے دینا چاہیئے کیونکہ وہ ایک ایماندار شخص نہیں اور بدعنوانی کے بہت سے مقدمات میں بھی ملوث ہیں۔ افتخار درانی کا کہنا تھا کہ یہ سمجھ سے باہر ہے کہ شہباز شریف ایک مجرم ہوتے ہوئے بھی منسٹر انکلیو میں رہائش پذیر ہیں اور نواز شریف جو کہ جیل میں سزا بھگت رہے ہیں وہ اپنے طبی علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت انسانی حقوق کی بنیادوں پر نواز شریف کو سہولیات فراہم کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف جدوجہد کے باعث نواز شریف کو بدعنوانی کے مقدمات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراءسادگی اور کفایت شعاری اپناتے ہوئے کم اخراجات اور کم پروٹوکول استعمال کر رہے ہیں۔