وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان سے ماسٹر چنگان موٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر دانیال ملک اور سوزوکی موٹرز کےمنیجنگ ڈائریکٹر ہیروشی کاوامورا کی ملاقاتیں

18
Special Assistant Haroon Akhtar Khan
Special Assistant Haroon Akhtar Khan

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان سے منگل کو ماسٹر چنگان موٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر دانیال ملک اور سوزوکی موٹرز کےمنیجنگ ڈائریکٹر ہیروشی کاوامورا نے بجٹ اور ٹیرف پالیسی کے اثرات پر تفصیلی ملاقات کی جس میں پاکستان کی آٹو انڈسٹری کو درپیش سٹریٹجک چیلنجز اور وفاقی بجٹ کے ممکنہ اثرات پر گفتگو کی گئی۔ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نئی الیکٹرک گاڑیوں کی جانب منتقلی کو قومی ترجیح کے طور پر اپنایا جانا چاہئے۔ دانیال ملک نے پالیسی کے تسلسل اور صنعت دوست اقدامات کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ایک مستحکم اور ترقی پسند ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

ہارون اختر خان نے یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ پاکستان ایک پائیدار اور جدید آٹو پالیسی کے نفاذ کے لئے پرعزم ہے جو عالمی رجحانات سے ہم آہنگ ہو۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قومی الیکٹرک وہیکل (EV) پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی،وزیراعظم کا وژن ہے کہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری عالمی مسابقتی صف میں شامل ہو۔ہارون اختر خان نے کہاکہ ہماری آنے والی EV پالیسی انفراسٹرکچر کی ترقی، سرمایہ کاری کی مراعات اور پالیسی کی سہولت کاری کا مکمل فریم ورک فراہم کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے کے لئے خصوصی مراعات دی جائیں گی تاکہ صنعتی ترقی اور ماحولیاتی پائیداری کو فروغ حاصل ہو۔

دریں اثناء معاون خصوصی ہارون اختر خان سے سوزوکی موٹرز کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیروشی کاوامورا نے بھی ملاقات کی جس میں وفاقی بجٹ اور مجوزہ نئی ٹیرف پالیسی کے پاکستان کی آٹو انڈسٹری پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ کاوامورا نے چھوٹی گاڑیوں (850 سی سی سے کم) پر سیلز ٹیکس کو 12.5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کی تجویز پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے آٹو انڈسٹری متاثر ہو سکتی ہے اور اس کا براہ راست بوجھ صارفین پر پڑے گا،سیلز ٹیکس میں اضافے کا بوجھ ہمیشہ صارفین کو اٹھانا پڑتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف صارفین کی خریداری کی صلاحیت متاثر ہو گی بلکہ صنعت کی ترقی بھی سست ہو جائے گی۔اس پر ردعمل دیتے ہوئے ہارون اختر خان نے حکومت کے آٹو انڈسٹری کے لئے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف آٹو انڈسٹری کی ترقی کے لئے پرعزم ہیں اور اس کو درپیش چیلنجز سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ چیلنجز ضرور موجود ہیں لیکن ترقی کے لئے اتحاد اور تعاون ضروری ہے، آٹو انڈسٹری ملک میں روزگار کی فراہمی اور مقامی مینوفیکچرنگ کا ایک مضبوط ستون ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعظم آٹو انڈسٹری کو کبھی زوال پذیر نہیں ہونے دیں گے اور حکومت صنعت کے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ترقی کی راہ ہموار کرنے کے لئے پرعزم ہے۔