22.5 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںوزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی چینی کمپنی ہواگوان کے...

وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی چینی کمپنی ہواگوان کے سی ای او سے ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے چینی کمپنی ہواگوان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں الیکٹرک گاڑیوں، لیتھیم بیٹریز، روبوٹکس اور ڈرون ٹیکنالوجی میں باہمی تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیاں ہی مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کو اپنانا ماحول کے تحفظ اور ملک کے تیل کے درآمدی بل میں کمی کے لیے ناگزیر ہے۔لیتھیم بیٹریز کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان میں توانائی ذخیرہ کرنے کی بے پناہ صلاحیت ہے اور یہ مستقبل کے توانائی منظرنامے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

ہواگوان کمپنی کے سی ای او نے بتایا کہ ان کی کمپنی زرعی مقاصد کے لیے لیتھیم بیٹریز پر چلنے والے ڈرونز بھی تیار کر رہی ہے۔ ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ دنیا بھر میں روبوٹکس اور ڈرونز کا استعمال شعبہ صحت، زراعت اور روزمرہ زندگی میں تیزی سے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈرونز سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں نہایت مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا آئندہ دورہ چین دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ مشترکہ منصوبے اور بزنس ٹو بزنس تعاون اقتصادی شراکت داری میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔ملاقات کے آخر میں انہوں نے کہا کہ یہ دورہ سرمایہ کاری، بزنس ٹو بزنس تعاون اور نئے مواقع کے دروازے کھولے گا جو پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی معاون ثابت ہو گا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں