وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت ویکسین کی مقامی تیاری سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت ویکسین کی مقامی تیاری، قومی ویکسین پالیسی، درپیش رکاوٹوں اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت صحت، ڈریپ، این آئی ایچ اور فارما انڈسٹری کے نمائندگان نے شرکت کی۔جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ہارون اختر خان نے اجلاس سے …

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت ویکسین کی مقامی تیاری، قومی ویکسین پالیسی، درپیش رکاوٹوں اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت صحت، ڈریپ، این آئی ایچ اور فارما انڈسٹری کے نمائندگان نے شرکت کی۔جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ہارون اختر خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ پاکستان میں ویکسین کی مقامی پیداوار کو فروغ دیا جائے تاکہ قومی صحت کے نظام کو مضبوط، پائیدار اور خودمختار بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ویکسین کی مقامی تیاری کے لیے ایک اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو قومی ویکسین پالیسی کی تشکیل، ادارہ جاتی اصلاحات اور نجی شعبے کی شمولیت کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گی۔ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان میں مقامی ویکسین کی تیاری قومی صحت اور سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ حکومت اس مقصد کے لیے جامع پالیسی تشکیل دے رہی ہے تاکہ نہ صرف درآمدی انحصار کم ہو بلکہ امپورٹ بل میں واضح کمی لا کر معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مقامی ویکسین کی تیاری سے آئندہ وبائوں اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھے گی، جبکہ بایو ٹیک اور فارما سیکٹر کی ترقی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت عالمی اداروں کے ساتھ ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مسلسل رابطے میں ہے۔ اس مقصد کے لیے “پاکستان ویکسین مینوفیکچررز الائنس” کے قیام کی تجویز زیر غور ہے جس سے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور پالیسی کے نفاذ میں تیزی آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اور ڈریپ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ پاکستان ویکسین کی تیاری میں خود کفیل ہو سکے۔ہارون اختر خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل ویکسین پالیسی کو جلد حتمی شکل دی جائے گی اور پاکستان کو ویکسین کے میدان میں خود مختار بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔