وزیراعظم ہنرمند جوان پروگرام کے تحت ہر سال ڈیڑھ لاکھ طالبعلموں کو ڈیجیٹل اور کمپیوٹرز میں تربیت دی جائے گی

206

اسلام آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی) وزیرا عظم یوتھ افیئر پروگرام نوجوانوں کو اعلیٰ ٹیکنالوجی کی تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے وزیراعظم ہنر مند جوان پروگرام شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو روایتی ٹریڈ اور اعلیٰ مہارتوں پر مبنی کئی ٹیکنالوجیز سے متعلق تربیت فراہم کی جائے گی۔ پروگرام کے تحت ہر سال ڈیڑھ لاکھ طالب علموں کو ڈیجیٹل اور کمپیوٹرز میں مہارت سمیت مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو ہنر مند اور تربیت یافتہ بنانے کے لئے نیوٹک اور ٹیوٹا سے تعاون حاصل کیا جائے گا جبکہ سکولوں میں ہنر مند ٹریننگ کے لئے ٹیوٹا کے ذریعے پرائیویٹ سکولوں کو اس پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔ اس پروگرام کے ذریعے تربیت حاصل کرکے نوجوان نہ صرف مقامی سطح بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی باعزت روزگار حاصل کر سکیں گے۔