اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے زیرِ اہتمام پاکستان میں خواتین کھیلوں کے فروغ اور اولمپکس کی تیاری کے لیے ایک تاریخی اقدام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی زیرصدارت وزیراعظم آفس میں منعقدہ اہم اجلاس کے دوران وزیراعظم یوتھ پروگرام اور ایمپاور اسپورٹس اکیڈمی کے درمیان ایک لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت ملک …
وزیراعظم یوتھ پروگرام اور ایمپاور اسپورٹس اکیڈمی کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط
اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے زیرِ اہتمام پاکستان میں خواتین کھیلوں کے فروغ اور اولمپکس کی تیاری کے لیے ایک تاریخی اقدام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی زیرصدارت وزیراعظم آفس میں منعقدہ اہم اجلاس کے دوران وزیراعظم یوتھ پروگرام اور ایمپاور اسپورٹس اکیڈمی کے درمیان ایک لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت ملک بھر سے دس ہزار نوجوان لڑکیوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھانے کا لائحہ عمل طے کیا گیا ہے۔
یوتھ افیئرونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر لیٹر آف انٹینٹ پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کی جانب سے جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر محمد علی ملک جبکہ ایمپاور سپورٹس اکیڈمی کی جانب سے بانی و ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنید قریشی نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت ہر سال 19 سال سے کم عمر دس ہزار باصلاحیت لڑکیوں کی نشاندہی، تربیت اور سرپرستی کی جائے گی تاکہ انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے تیار کیا جا سکے۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ حکومت نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے اور کھیلوں کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی و ذہنی صحت کے فروغ کا ذریعہ ہیں بلکہ مثبت نوجوان قیادت اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ایمپاور اسپورٹس اکیڈمی اس پروگرام کے تحت جدید تربیتی نظام، عالمی معیار کے جانچ و انتخاب کے طریقہ کار اور ملٹی سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام متعارف کرائے گی۔
ملکی و غیر ملکی ماہر کوچز کی مدد سے منتخب کھلاڑیوں کو ایسی تربیت فراہم کی جائے گی جو عالمی معیار سے ہم آہنگ ہو۔اس شراکت داری کے تحت ’’ایمپاور ویمن نیشنل ٹورنامنٹ‘‘ کے انعقاد کا بھی اعلان کیا گیا، جو پاکستان کی تاریخ کا پہلا بڑا قومی سطح کا خواتین کھیلوں کا مقابلہ ہوگا۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام ٹورنامنٹ کی تشہیر، مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی میں تعاون فراہم کرے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ تعلیمی ادارے اور طالبات اس میں حصہ لے سکیں۔معاہدے کے مطابق ہر سال فیلڈ کیمپس، علاقائی ٹرائلز اور اسکول سطح کی سرگرمیوں کے ذریعے دس ہزار لڑکیوں تک رسائی حاصل کی جائے گی۔ منتخب کھلاڑیوں کو باقاعدہ تربیت، رہنمائی اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ سرکاری کھیلوں کے میدانوں اور سہولیات تک خواتین کی رسائی کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔
اس موقع پر جنید قریشی نے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان میں خواتین کھیلوں کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تعاون سے نوجوان لڑکیوں کو ایسا پلیٹ فارم میسر آئے گا جو انہیں قومی اور عالمی سطح پر کامیاب کھلاڑی بنانے میں مدد دے گا۔یہ لیٹر آف انٹینٹ ایک طویل المدتی منصوبے کی بنیاد ہے جس کا مقصد خواتین کی کھیلوں میں شمولیت بڑھانا، قومی صلاحیت کو فروغ دینا اور عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔









