وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کےدھرنا کمیٹی کےساتھ مذاکرات کامیاب،کوئٹہ میں شہداء مچھ کے متاثرین نے دھرنا ختم کرنے اور شہداء کی تدفین کا اعلان

69

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):کوئٹہ میں شہداء مچھ کے متاثرین نے دھرنا ختم کرنے اور شہداء کی تدفین کا اعلان کر دیاہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے دھرنا کمیٹی کےساتھ مذاکرات کیے جو کامیاب رہے،دھرنا منتظمین کا کہنا ہے کہ ان کے تمام مطالبات مان لئے گئے ہیں اور اتفاق رائے سے تحریری معاہدہ ہوگیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان جمال کمال خان (جمعہ کو) ایک بار پھر دھرنا منتظمین اور شہداء کے لواحقین سے مذاکرات کیلئے مغربی بائی پاس پہنچے، وفاقی وزیر علی زیدی اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی ان کے ہمراہ تھے۔دھرنا منتظمین نے وفاقی وزراء اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے ساتھ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اتفاق رائے سے فیصلہ ہوگیا ہے، ہمارے تمام مطالبات مان لیے گئے، وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، وفاقی وزراء اور مقامی انتظامیہ کے ممنون و مشکور ہیں، مذاکرات میں طے ہونیوالے تمام معاملات کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوگیا ہے، شہداء کی تدفین آج(ہفتہ)کو کی جائے گی۔یاد رہے کہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں اتوار 3 جنوری کو مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں 10 کان کنوں کو قتل کردیا گیا تھا، تمام مقتولین کا تعلق ہزارہ برادری سے تھا۔ واقعے کے بعد ہزارہ برادری نے میتوں کے ہمراہ کوئٹہ کی مغربی بائی پاس پر دھرنا دے دیا تھا۔