:پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سرفرازبگٹی بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے سکیورٹی فورسز کے تعاون سے بھرپور اقدامات کررہے ہیں
وزیراعلیٰ بلوچستان دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے بھرپور اقدامات کررہے ہیں،ربانی خان کاکڑ
کوئٹہ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سرفرازبگٹی بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے سکیورٹی فورسز کے تعاون سے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے جمہوریت اور عوام کے حقوق کی خاطر 13 سال جیل میں گزارے مگر اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں خلیل احمد خلجی ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمیولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔خلیل احمد خلجی ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمیولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی 1973 کے آئین کی خالق جماعت ہے، جس میں نوجوانوں اور سیاسی کارکنوں کو عزت دی جاتی ہے،18 ویں ترمیم اور مضبوط پاکستان کی تشکیل کے لیے سیاسی جدوجہد کا آغاز کررہا ہوں اس لیے پاکستان کی بقا و سالمیت، جمہوری روایات کے تسلسل اور قانون وآئین بالادستی کے لیے پکستان پیپلز پارٹی میں شمیولیت اختیار کررہا ہوں۔
شمیولیتی تقریب میں میر نصیب اللہ شاہوانی صدر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کوئٹہ،پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن کے نائب صدر عبدالجبار خلجی، شہزادہ کاکڑ، عین الدین کاکڑ، طیب بلوچ اور دیگر پیپلز پارٹی رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے لیڈرشپ نے قربانیاں اور شہادتیں دی ہیں، پیپلز پارٹی محنت کشوں اور متوسط طبقے کی نمائندہ پارٹی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ کارکنوں کو پیپلز پارٹی میں کلیدی حیثیت حاصل ہے، نوجوانوں کی ہنرمند کے لیے بلوچستان حکومت اہم اقدامات کررہی ہے۔بھٹو نے شہادت قبول کی مگر عوام کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا۔صدر آصف علی زرداری نے 13 سال جیل میں گزارے، بے نظیر بھٹو نے شہادت قبول کی مگر پیپلز پارٹی اور کارکنوں کے سر فخر سے بلند کردئیے۔ بھٹو خاندان کی قربانیوں نے پیپلزپارٹی کی جدوجہدکو تقویت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا سرمایہ ان کے کارکنان ہیں، نئے شمولیت اختیار کرنے والے کارکنوں کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ انہیں پاکستان پیپلز پارٹی میں عزت و احترام سیاسی مقام ملے گا۔









