کوئٹہ۔11 اگست (اے پی پی)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری سے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے ملاقات کی اور سانحہ کوئٹہ پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے پاک فضائیہ کی جانب سے بلوچستان کے عوام اور شہداءکے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ائیر چیف مارشل نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ صرف بلوچستان کے عوام کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے باعث غم ہے اور ہم سب سانحہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسردہ ہیں۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت دہشت گرد قوتیں بلوچستان میں سرگرم عمل ہیں اوریہاں کے چند لوگ ان کے مہرے بنے ہوئے ہیں۔ دشمن نے ہم پر کاری وار کیا ہے تاہم ہم اس کا منہ توڑ جواب دیں گے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہمت اور جواں مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کی کئی ایک کاروائیوں کو رونما ہونے سے قبل ہی ناکام بنایا ہے۔