گوادر۔5جولائی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد کی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی تقریر اردو میں ہوتی تو 90 فیصد پاکستانیوں کو بھی پتہ چلتا کہ انہوں نے کیا کچھ کیا ہے۔
پیر کو تقریب میں وزیراعظم سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے انگریزی زبان میں خطاب کیا اور صوبے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چونکہ یہاں پر غیر ملکی مہمان موجود ہیں، اس لئے وہ انگریزی میں تقریر کرنا چاہیں گے حالانکہ انہیں معلوم ہے کہ وزیراعظم چاہیں گے کہ وہ اردو میں اظہار خیال کریں۔
بعدازاں وزیراعظم جب خطاب کرنے آئے تو انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے بہت اچھی تقریر کی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے لیکن وہ اگر انگریزی کی بجائے اردو میں خطاب کرتے تو لوگوں کو پتہ چلتا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کتنے ترقیاتی کام کرائے ہیں اور کتنے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے کیونکہ ہمارے 90 فیصد عوام کو تو انگریزی سمجھ نہیں آتی، وزیراعلیٰ بلوچستان کی اتنی اچھی تقریر انگریزی میں ہونے کی وجہ سے 90 فیصد لوگوں کو سمجھ نہیں آئی