وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان جمعہ کووادی کاغان کی 3سڑکوں ،مقامی طورپر بجلی پیدا کرنے والے5منصوبوں کا افتتاح کریں گے

مانسہرہ۔16 جولائی (اے پی پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان جمعہ کو ضلع مانسہرہ کا دورہ کرینگے جہاں وہ وزیراعظم عمران خان کے سیاحت کے ویژن کے مطابق وادی کاغان کے سیاحتی مقامات کو ملانے والی تین رابطہ سڑکوں اور مقامی طور پر بجلی پیدا کرنے کے پانچ منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ہزارہ ڈویژن میں سڑکوں کے منصوبے کیلئے 2400 ملین روپے کی …

مانسہرہ۔16 جولائی (اے پی پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان جمعہ کو ضلع مانسہرہ کا دورہ کرینگے جہاں وہ وزیراعظم عمران خان کے سیاحت کے ویژن کے مطابق وادی کاغان کے سیاحتی مقامات کو ملانے والی تین رابطہ سڑکوں اور مقامی طور پر بجلی پیدا کرنے کے پانچ منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ہزارہ ڈویژن میں سڑکوں کے منصوبے کیلئے 2400 ملین روپے کی منظوری دی ہے۔اس منصوبے کے تحت محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے ذریعہ ضلع مانسہرہ میں تین اہم سڑکیں تعمیر کی جائیں گی ۔ان میں 686.00 ملین روپے کی لاگت سے 15 کلومیٹر وادی ما نورروڈ، 382.00 ملین روپے کی لاگت سے 09کلو میٹر گھنول۔ وادی پاپرنگ روڈ اور 353.00 ملین رو پے کی لاگت سے 11کلو میٹر وادی شوگران روڈ شامل ہیں۔ ان تینوں سڑکوں کی کل لمبائی 35 کلومیٹر ہے اور ان پر کل لاگت 1421.00 ملین روپے ہے۔ وزیر اعلی محمود خان کاغان بھی جائیں گے جہاں وہ ضلع مانسہرہ کے مختلف مقامات پر 1650 کلو واٹ بجلی پیدا کرنے کے پانچ منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے ۔ منی مائیکرو ہائیڈرو پاور منصوبوں میں 150کلو واٹ کا دم دمہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، 300کلو واٹ کا راجوال پاور پراجیکٹ ، 300 کلو واٹ کا کوٹکے پاور پراجیکٹ، 400کلو واٹ کا بیاری پاور پراجیکٹ اور 500کلو واٹ بجلی پیدا کرنے کا بیلہ مانور ہا ئیڈرو پاور منصوبہ شامل ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت صوبے کے سیاحتی مقامات کی رابطہ سڑکوں کا 370 کلومیٹر کا انفراسٹرکچر بھی تیار کررہی ہے ۔ان سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ہی ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژنزمیں 10 انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز کے لئے فزیبلیٹی سٹڈیز بھی شروع کر دی گئی ہے۔ ان پراجیکٹس کے علاوہ صوبے کے سیاحتی مقامات میں سیاحوں کیلئے آرام گاہیں، سیاحت سے متعلق معلومات اور سہولت کے مراکز، نیز کیمپنگ پاڈز سائٹ پراجیکٹس بھی کامیابی سے جاری ہیں۔ ان تمام اقدامات سے صوبہ کی سیاحت کی صنعت کو فروغ ملے گااور اس سے روزگار کے مواقع ملنے سمیت چھوٹے پیمانے پر کاروباری مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔

مزید خبریں