"وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے سوات میں 12 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا”
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا سوات میں تقریب سے خطاب، امن، ترقی اور تعلیم کے فروغ کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ

مزید خبریں
پشاور۔ 16 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے جمعرات کے روز ضلع سوات کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے 12 ارب روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔
وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق افتتاح کیے گئے منصوبوں میں 9.9 ارب روپے لاگت سے قائم یونیورسٹی آف کمپیوٹنگ سائنسز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کبل، 39.5 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ بدلئی پل،21.4 کروڑ روپے لاگت سے تعمیر شدہ سپیشل چلڈرن سکول اور سپیشل چلڈرن ٹیچر ٹریننگ سنٹر اورکبل پولیس سہولت مرکز بھی شامل ہیں۔ مزید برآں ، وزیر اعلیٰ نے وینئی تا گٹ روڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جو 1.437 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی آف کمپیوٹنگ سائنسز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف کمپیوٹنگ سائنسز کا قیام مراد سعید کے وژن اور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس زمین پر آج یونیورسٹی قائم ہے، وہ قبضہ مافیا کے قبضے میں تھی، جسے واگزار کرا کے یہ منصوبہ پایۂ تکمیل تک پہنچایا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی کے باقی ماندہ منصوبوں کو بھی مکمل فنڈنگ فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید ارشد شریف یونیورسٹی اور دیگر کیمپسز کے ترقیاتی منصوبوں کو بھی مکمل مالی وسائل فراہم کیے جائیں گے اور ان کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو معیاری اعلیٰ تعلیم کی سہولیات میسر آسکیں۔ وزیراعلیٰ نے ملاکنڈ ڈویژن اور ضم شدہ اضلاع پر ٹیکس کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کے مفادات کے خلاف اقدام ہے۔ ۔صوبائی وزراء مینا خان آفریدی ، ڈاکٹر امجد ، سوات سے منتخب پارلیمنٹرین ، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور دیگر سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔








