وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے موٹر وہیکل آٹومیشن سسٹم کا افتتاح کردیا

93
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے موٹر وہیکل آٹومیشن سسٹم کا افتتاح کردیا

پشاور۔ 15 فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے موٹر وہیکل آٹومیشن سسٹم کا افتتاح کردیا۔ وزیراعلی ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ جدید سسٹم گاڑیوں کی رجسٹریشن، فیس کی ادائیگی، ملکیت کی منتقلی، ٹیکس ادائیگی اور یونیورسل نمبر پلیٹس کے تمام امور کو ڈیجیٹائز کرتا ہے۔

اس سسٹم کے ذریعے شہری تمام موٹر وہیکل خدمات گھر بیٹھے آن لائن حاصل کر سکیں گے ۔دفاتر کے چکر لگانے اور وقت ضائع ہونے سے بچت ہوگی.۔ یہ موٹر وہیکل سروسز کا ایک محفوظ اور مؤثر نظام ہے جو خدمات کے حصول میں شفافیت اور آسانی پیدا کرے گا۔

گاڑیوں کی چوری اور غلط استعمال کو روکنے کےلیے ایک مرکزی ڈیٹا بیس بنایا گیا ہے جو پرانی اور نئی گاڑیوں کی معلومات کو یکجا کرتا ہے. ۔شہری گاڑی کی ملکیت کی منتقلی، نیلام شدہ گاڑیوں کی رجسٹریشن اور گاڑی کی تفصیلات میں ترمیم کے تمام امور آن لائن کر سکتے ہیں۔

نادرا کے ساتھ انٹیگریشن کے ذریعے گاڑی کے مالکان کی تصدیق بھی ممکن ہو نے کے علاوہ آن لائن فیس کی ادائیگی کےلیے پے میر کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جدید سسٹم سے صوبائی حکومت کو ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جو عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنائے گا۔