لاہور۔9مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے منگل کویہاں وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی،ملاقات میں کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات اور بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسیئن لگانے کے پروگرام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعلیٰ کو کورونا کی تازہ صورتحال سے آگاہ اورکورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے کے اقدامات ومریضوں کے علاج معالجے کے بارے بریف کیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس او پیز پر موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے عملاً اقدامات کئے گئے ہیں، شہریوں کو بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیئے،کورونا کا پھیلاو ¿ روکنے کیلئے عوام کا تعاون بے حد اہمیت کاحامل ہے اور انسداد کورونا کیلئے حکومتی گائیڈلائنز پھر عمل کرنا شہریوں کے مفاد میں ہے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں 60 برس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسیئن لگانے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے اور پنجاب میں 60 برس سے زائد عمر کے تقریباً 75 لاکھ افراد کو کورونا ویکسیئن لگائی جائے گی، عثمان بزدار نے ہیلتھ پروفیشنلز کو کورونا ویکسیئن لگانے کے عمل کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ فرنٹ لائن ڈاکٹروں، نرسوں او رپیرامیڈیکل سٹاف نے کورونا کے دوران قابل تحسین کام کیا ہے، صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ محکمہ صحت کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے کیلئے احسن طریقے سے فرائض سرانجام دے رہا ہے جبکہ لوگوں کی بے احتیاطی کے باعث کیسز میں اضافہ بھی دیکھنے میں آیا ہے،انہوں نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ حکومت کی ہدایات پر عمل کریں، کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرکے خود اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔