وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے انتخابی حلقے بھان سعیدآباد کا دورہ کیا اور مختلف مقامات پر سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ بھان سیدآباد پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری اور ایس ایس پی محمد ظفر صدیق چھانگا نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے گاؤں مناہیوں میں اپنے قریبی دوست شمن راہپوٹو سے ان کے کزن عثمان راہپوٹو کے …
وزیراعلیٰ سندھ کا بھان سعیدآباد کا دورہ، مختلف مقامات پر تعزیت

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے انتخابی حلقے بھان سعیدآباد کا دورہ کیا اور مختلف مقامات پر سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ بھان سیدآباد پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری اور ایس ایس پی محمد ظفر صدیق چھانگا نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے گاؤں مناہیوں میں اپنے قریبی دوست شمن راہپوٹو سے ان کے کزن عثمان راہپوٹو کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحوم کے لیے مغفرت کی دعا کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری اصولوں پر یقین رکھتی ہے اور سیاسی و قومی معاملات کو مذاکرات اور مفاہمت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے کوششیں کیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ غیر معمولی اقدامات کے بجائے معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش ہونی چاہیے تاہم دہشت گردی کے سدباب کے لیے صورتحال کے مطابق ضروری اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھان سیدآباد، سیہون یا کراچی سمیت کسی بھی علاقے میں بچوں کے گٹروں میں گرنے جیسے افسوسناک واقعات نہیں ہونے چاہئیں اور متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ نے ویہڑ شریف پہنچ کر پیر آف ویہڑ شریف شفیق احمد ویہڑائی سے ان کے ماموں کے انتقال پر تعزیت کی۔
انہوں نے ٹلٹی میں ایڈووکیٹ عبدالسلام راہپوٹو سے ان کے بھائی عبدالحمید راہپوٹو کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ سید مراد علی شاہ نے گاؤں آبساںی میں وڈیرے ذوالفقار پنہور سے ان کے رشتہ دار کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحوم کے لیے مغفرت کی دعا کی۔ دریں اثنا، گاؤں کرمپور میں وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران علاقہ مکینوں نے بجلی کی فراہمی میں تعطل سے متعلق شکایات بھی کیں۔ رہائشیوں نے بجلی کی بحالی اور مسئلے کے مستقل حل کے لیے متعلقہ حکام سے اقدامات کا مطالبہ کیا۔







