وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی میں نشیبی علاقوں اور نیو سیکرٹریٹ کا اچانک دورہ،صورتحال و سٹاف کی حاضری کا جائزہ لیا

95

کراچی۔ 01 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعےکو صبح اپنے اچانک دورے کا آغاز کراچی میں نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کی مشینری کو چیک کرنے اور نیو سیکرٹریٹ میں افسران کی حاضری چیک کرنے کےلئے کیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے ضلع جنوبی میں نشیبی علاقوں کا دورہ کیا جن میں انڈر پاسز، خلیق الزمان روڈ، ایوان صدر روڈ، سندھ سیکرٹریٹ اور ہائی کورٹ کے درمیان والی سڑک، آئی آئی چندریگر روڈ اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

بعض علاقوں میں واٹر بورڈ کی مشینری اور دیگر سکشن مشینیں نصب نہ ہونے پرانہوں نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ وہ مشینری کی تعیناتی کو یقینی بنائیں اور انہیں فوراًرپورٹ کریں۔ وزیراعلیٰ نے نئے سیکرٹریٹ کا بھی دورہ کیا جہاں چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم نے ان کا استقبال کیا۔کچھ محکموں کے سیکرٹریز ساڑھے 9 بجے تک غیر حاضر رہنے پر وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ دیگر سٹاف کی مثال کےلئے تمام سیکرٹریز کی حاضری کو یقینی بنائیں ،وہ محکمے کے سیکرٹریوں کو اپنے دفاتر میں وقت پر پہنچنے کی ہدایات جاری کریں۔