وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے برطانوی سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات

60

لاہور۔22 جولائی(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں معروف برطانوی بزنس مین انیل مسرت کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی‘ انیل مسرت نے اس موقع پر حکومت پنجاب کے اشتراک سے ہر ڈویڑن میں ہسپتال بنانے کا اعلان کیا۔ انیل مسرت نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے صوبے کے 9 ڈویڑن میں جدید ہسپتال بنائیں گے۔ ہم ہسپتال ان علاقوں میں بنانا چاہتے ہیں جہاں صحت کی سہولتیں کم ہیں اور ان ہسپتالوں میں عام مریضوں کو ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں فراہم کریں گے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی اور ٹراما سینٹرز بھی بنائے جائیں گے اور ان ہسپتالوں کی اونرشپ کیلئے کمیونٹی کو بھی شامل کیا جائے گا۔ انیل مسرت نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب تیزی سے درست سمت کی جانب بڑھ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار محنت اور جذبے کے ساتھ صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔