کراچی۔ 23 مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری اوراپنی کابینہ اراکین کے ہمراہ یوم پاکستان کے موقع پر بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مزار قائد پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعاکی۔ وزیراعلیٰ ہاوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے 23 مارچ 1940 کی اہمیت کو اجاگر کیا، جب آل انڈیا مسلم لیگ نے لاہور میں قرارداد پاکستان منظور کی جس نے ایک آزاد وطن کی بنیاد رکھی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج قرارداد کی 85ویں سالگرہ ہے۔ اس تاریخی موقع پر انہوں نے بانی پاکستان کے وژن کے مطابق پاکستان کی ترقی کے لیے دعا کی اور امید ظاہر کی کہ یہ ملک ایک اسلامی جمہوری ریاست کے طور پر ترقی کی منازل طے کرتا رہے گا۔مراد علی شاہ نے پاکستان کےوجود میں آنے کے حوالے سے سندھ کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ 3 مارچ 1943 کو سندھ اسمبلی نے سب سے پہلے قرارداد پاکستان کی منظوری دی ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی یہ جدوجہد 14 اگست 1947 کو تعبیر کو پہنچی جب پاکستان اسلامی اصولوں پر قائم ایک خودمختار ملک کے طور پر ابھرا۔آج ملک کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے مراد علی شاہ نے دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد اور اقتصادی ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ ملک دشمن قوتوں کے خلاف ایک ہوں جو پاکستان کے استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور قوم کو درپیش کسی بھی خطرے کے خلاف سب کو متحد ہونا پڑے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے عوام پر زور دیا کہ وہ یوم پاکستان پر ملک کی خوشحالی کے لیے جدوجہد کرنے کے اپنے عہد کا اعادہ کریں۔
انہوں نے تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی قیادت میں سندھ حکومت قومی ترقی اور قومی سلامتی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے لاہور میں تاریخی اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کرنے والے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اسلامی اقوام کے درمیان اتحاد کو فروغ دینا لازمی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575680