لاہور۔3 اپریل(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے ملاقات کی۔ عرفان اقبال شیخ نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صنعتکاروں کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول میں چیک دینا قابل تحسین اقدام ہے۔ صنعتکاروں کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔ مشکل کی گھڑی میں دکھی انسانیت کیلئے جذبہ خیر سے حوصلے بڑھتے ہیں اور دین اسلام بھی آزمائش کی گھڑی میں متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک دھرتی آج ہم سے مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کا تقاضا کر رہی ہے۔ صاحب حیثیت افراد نے مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ اپنے بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے حکومت بھرپور کاوشیں کر رہی ہے ۔یہ جنگ عوام کی مدد سے ہر صورت جیتیںگے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا گیا ہے۔