سیالکوٹ۔19نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ سے رجسٹرڈکسان مقامی فیڈ ڈیلرز سے جانوروں کی خوراک،ونڈا، سائلیج اور نمکیاتی آمیزہ خرید سکیں گے جبکہ مذکورہ سکیم سے80 ہزارتک افراد مستفید ہو سکیں گے جنہیں مساوی اقساط میں 4ماہ کیلئے بلا سود قرضہ جات فراہم کئے جائیں گے اورفی جانور27 ہزار روپے قرض فراہم کیا جائے گالہٰذامویشی پال حضرات لائیو سٹاک کارڈ سکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے اپنے قریبی ویٹرنری ہسپتال سے رجوع اور وہاں قائم سہولت ڈیسک پر اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں جس کیلئے مویشی پال حضرات اپنے موبائل فون سے پی ایل سی (سپیس) کے بعد شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8070 پر بھیجیں گے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ ڈاکٹر محمد تنویر نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مویشی پال حضرات کیلئے حکومت پنجاب کا یہ ایک احسن اقدام ہے اسلئے وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بڑھ چڑھ کراپنی رجسٹریشن فوری طور پر کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ فارمرز کی خوشحالی کیلئے تاریخ میں پہلی بار 11 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم سے فارمرز کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کسی نعمت سے کم نہیں لہٰذااس پروجیکٹ کے تحت مویشی پال حضرات اپنے جانوروں کو و نڈے،منرل مکسچر اور سائلیج فراہم کرنے کے لیے گورنمنٹ آف پنجاب محکمہ لائیو سٹاک کی طرف سے فراہم کردہ لائیو سٹاک کارڈ کے تحت آسان قرضہ جات حاصل کر سکیں گے جس پرزیرو مارک اپ لاگو ہوگااور مویشی پال حضرات ایک لاکھ 35 ہزار سے دو لاکھ ستر ہزار تک کا قرضہ بلا سود حاصل کر سکیں گے جوپہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر فراہم کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ درخواست گزار کا محکمہ لائیو سٹاک کا ڈیٹا بیس 9211 پر رجسٹرڈ ہونا بھی ضروری ہے جبکہ مقررہ شرائط پر پورا اترنے والے اہل درخواست دہندگان کا انتخاب پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ سے استفاددہ کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ایپلی کیشن پر آن لائن بھی اپلائی کیا جا سکتا ہے جس کے قرض کا مکمل دورانیہ زیادہ سے زیادہ 150 دن (پانچ ماہ)اورقرض استعمال کرنے کا دورانیہ 120 دن (چار ماہ) ہوگانیز اگلے 30 دن (ایک ماہ) مکمل قرض واپس کرنے کا دورانیہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سود کی رقم حکومت پنجاب برداشت کرے گی اور کم سے کم پانچ کٹڑوں یا بچھڑوں پر 27 ہزار روپے فی جانور کے حساب سے کل ایک لاکھ 35 ہزار کا قرض فراہم کیا جائے گا اور زیادہ سے زیادہ 10 کٹروں یا بچھڑوں پر 27 ہزار فی جانور کے حساب سے کل 2 لاکھ70 ہزار روپے قرض فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قرض کی رقم ماہانہ بنیادوں پر فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک فارمرز کی آسانی کیلئے ہیلپ لائن 080009211 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔