وزیراعلیٰ پنجاب نے سیالکوٹ میں سٹیٹ آف دی آرٹ بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے سیالکوٹ میں سٹیٹ آف دی آرٹ بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کر دیا

سیالکوٹ۔13جنوری (اے پی پی):ون ونڈوآپریشن کے تحت سیالکوٹ میں پنجاب کا دوسرا سٹیٹ آف آرٹ بزنس فیسلیٹیشن سینٹر (بی ایف سی )قائم کر دیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے سیالکوٹ کے انوار کلب میں بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کیااور کاروباری شخصیات میں این او سی کے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

انہوں نے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے قائم بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا دورہ کیا اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے قائم برق رفتار ون ونڈو آپریشن کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں قائم صوبائی محکموں کے کاونٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔

انہوں نے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے این او سیزکا مقررہ مدت میں اجراء یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے ون ونڈو آپریشن کے پورے نظام کا مشاہدہ بھی کیا۔بزنس فیسلیٹیشن سنٹر میں سرکاری محکموں کے کاؤنٹرز سے کاروباری حضرات کو 124 این او سیز ایک چھت تلے جاری ہونگے، 14 روز میں این او سیز کا اجراء یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پروگرام کا مقصد سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے، متعلقہ محکمے ایک چھت تلے خدمات فراہم کریں گے۔

بزنس فسلیٹیشن سینٹر کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ سیالکوٹ کے بزنس فسیلیٹیشن سینٹر (بی ایف سی) کا دورہ کر کے مجھے یہ محسوس ہو رہا ہے کہ یہ لاہور بی ایف سی سے بہتر بنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کاروباری برادری کو سہولیات دینے کے لیے ہم پنجاب کے 6 شہروں میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹر ( بی ایف سی) بنا رہے ہیں ، سب سے پہلے لاہور بی ایف سی بنا اور اب سیالکوٹ بی ایف سی کا قیام انتہائی خوش آئند ہے، اس کے علاوہ راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی بزنس فسیلیٹیشن سینٹر ( بی ایف سی) بنا رہے ہیں جہاں چند روز میں بزنس فیسلیٹیشن سینٹر زکاافتتاح کر دیا جائے گاجہاں ہم 14 دن کے اندر این او سی دینے کے پابند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی ایسی بات نہیں کرتا جو پوری نہ کر سکوں، وعدہ کرتا ہوں تو ہر صورت نبھاتا ہوں، کوشش ہے کہ جاری منصوبوں کو جانے سے پہلے مکمل کر کے جائیں، جہاں بھی شکایات سامنے آئیں گی ازالہ کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سمبڑیال ایئرپورٹ سے سیالکوٹ کی طرف آنے والی دورویہ سڑک 15فروری تک مکمل کر لیں گے، سیالکوٹ ا یئر رپورٹ روڈ کے ٹینڈرز جاری ہوچکے ہیں، رواں ماہ 17 جنوری سے باقاعدہ کام کا آغاز ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ایئر پورٹ روڈ کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ شہر کے دونوں سول ہسپتالوں کی تزین و آرائش کا کام بھی تیزی سے جاری ہے، ان ہسپتالوں سمیت سڑکوں کی کارپینٹنگ کا کام بھی جاری ہےجسے بہت جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا تاکہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے دور میں ہسپتالوں کی بہتری کے لیے انتہائی مخلص اور خلوص نیت سے کام کیا ہے، ہم یہ تو نہیں کہتے کہ ہم نے دودھ کی نہریں بہا دی ہیں لیکن اتنا ضرور ہے کہ آپ لوگوں کو بہتری ضرور نظر آئے گی۔ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر،سیکرٹری صنعت و تجارت محمد احسان بھٹہ،کمشنرگوجرانوالہ، آرپی او، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین،صدرسیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک اور صنعت کاروں کی بڑی تعداداس موقع پر یہاں موجود تھی۔