لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس اتوار کے روز منعقد ہوا جس میں ماڈرن سبزی و فروٹ منڈی پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ماڈرن اینڈ اینوویٹو سبزی و فروٹ مارکیٹ کو ایشیا کی بہترین منڈی بنانے کی ہدایت کی ہے جس کا وہ جلدسنگ بنیاد رکھیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے شاندار ماڈرن اینڈ اینوویٹو سبزی و فروٹ مارکیٹ 18ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیاجس پرراوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب ایگرکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی کے باہمی ایم او یو پر دستخط کے بعد منڈی کے قیام کیلئے کارروائی شروع کر دی جائے گی۔پاکستان کی پہلی ماڈرن اینڈ اینوویٹو سبزی و فروٹ مارکیٹ3سو ایکٹر پر محیط ہو گی جس کاانفراسٹرکچر عالمی معیار کا ہوگا،
ماڈرن اینڈ اینوویٹو سبزی و فروٹ مارکیٹ کو ایکسپورٹ حب بنایا جائے گا ،اس مارکیٹ کو مختلف راستوں سے آمدورفت کیلئے رسائی حاصل ہوگی۔جی ٹی روڈ گوجرانوالہ اور لاہور سیالکوٹ موٹروے سے ٹرک اور گاڑیاں براہ راست آ جا سکیں گی
،مزدوروں اورٹھیلے والوں کی آسانی کیلئے میٹرو بس اورسپیڈو بس روٹ کالا خطائی سبزی منڈی تک چلائی جائے گی،مارکیٹ میں شارٹ ہونے والی سبزیاں خصوصا ٹماٹر اورپیاز کے لئے کولڈ سٹوریج بھی بنائے جائیں گے ، جہاں پر عوام کوسبزیاں اورپھل ہر وقت سستے داموں میں دستیاب ہوں گی۔