بھکر۔ 05 دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کی ترجیحات پر کامل عملداری یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، ڈویژن بھر میں ستھرا پنجاب پروگرام کے ذریعے شہریوں کو حقیقی ریلیف کی دستیابی کیلئے کوشاں ہیں ۔
یہ بات کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ماڈل ویلج گڈولہ ڈگر نمبر9 کا دورہ کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر انہوں نے اہل علاقہ سے بھی صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال بارے دریافت کیا جس پر اہل علاقہ کی جانب سے صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر قرار دیا گیا ۔
کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں صفائی ستھرائی کا ایک عمدہ نظام متعارف کرایا ہےجس کے تحت پہلی بار آوٹ سورس کو صفائی ستھرائی کے نظام کی بہتری کیلئے انگیج کیا گیا ہے جس سے پنجاب بھرکے شہروں میں صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات دیکھنے کو ملیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرگودہا ڈویژن میں یہ نظام آئندہ تین ہفتوں تک لانچ کردیا جائے گا۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ضلعی انتظامیہ بالخصوص ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی کارکردگی کو سراہا اور انکی پوری ٹیم کو انتظامی امور کی عمدہ انجام دہی پر شاباش دی ۔