لاہور۔7اگست (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری نے ملاقات کی۔مولانا محمد حنیف جالندھری نے نکاح نامے میں ختم نبوت کے حلف نامے کی شق شامل کرنے پر وزیر اعلی کے مثالی اقدام کو سراہا۔
مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ آپ کا یہ احسن اقدام دین کی بڑی خدمت ہے۔آپ کا یہ اقدام انتہائی قابل قدر ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ صوبے میں مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے آپ کی سربراہی میں پنجاب حکومت نے بہترین اقدامات کئے ہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ نکاح رجسٹرار کو ختم نبوت کے حلف نامے والے نئے فارم فراہم کرنے کے لئے متعلقہ محکمے کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ نئے فارم نہ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
نیا نکاح فارم استعمال نہ کرنے والے نکاح رجسٹرار کو 1 ماہ قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور پر مذہبی رواداری کے فروغ کے علما کرام کے کردار کے معترف ہیں۔پنجاب حکومت تمام مکاتب فکر کے علما کرام کے مثالی تعاون کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے۔