وزیراعلی عثمان بزدارکی زیر صدارت اجلاس، کوہ سلیمان پبلک سکولز آف ایکسیلینس کے قیام کا اصولی فیصلہ

109

لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت منگل کے روزوزیراعلی آفس میں اعلی سطح کااجلاس منعقد ہوا ،جس میں ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کوہ سلیمان میں پبلک سکولز کے قیام کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کوہ سلیمان پبلک سکولز آف ایکسیلینس (بوائز، گرلز)کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے کوہ سلیمان پبلک سکولز آف ایکسیلینس (بوائز، گرلز)کے قیام کیلئے سفارشات کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں قابل عمل ماڈل تیار کیا جائے۔انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب سکولز کا ماسٹر پلان تیار کرے گی۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت انتہائی دور دراز علاقوں میں کم وسیلہ طلبا و طالبات کو میعاری تعلیم فراہم کرے گی۔دشوار گزاررعلاقوں میں معیاری سکولو ں کا قیام نئی نسل پر سودمند سرمایہ کاری ہے

۔ قبائلی علاقے میں فروغ تعلیم انتہاپسندی کے رجحان کے سدباب کا باعث ہوگا۔انتہاپسندی اور جہالت کے خلاف تعلیم سب سے موثر ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سکولز آف ایکسیلینس کا دائرہ کار چولستان اور تھل کے علاقوں تک بڑھایا جائے گا۔ پبلک سکولز آف ایکسیلینس میں کلاس ون سے کلاس 12 تک کے طلبا و طالبات کو داخلہ دیا جائے گا۔ پبلک سکولز آف ایکسیلینس کو چلانے کیلئے بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا جائے گا۔ اجلاس میں پبلک سکولز آف ایکسیلینس کے قیام کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا

۔ چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی، سیکرٹریز خزانہ، سکول ایجوکیشن، تعمیرات و مواصلات، پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ، ٹرانسپورٹ، سکول ایجوکیشن ساتھ پنجاب، چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔