وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور راولپنڈی کے ترقیاتی پراجیکٹس پر تبادلہ خیال

لاہور۔7اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور راولپنڈی کے ترقیاتی پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بلوچستان میں زلزلے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر داخلہ شیخ رشید نے زلزلہ متاثرین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ تین برس کے دوران عوام کی خدمت کی ہے، ہماری سمت درست اور نیت نیک ہے، پنجاب میں پسماندہ علاقوں کو ترقی کی دوڑ میں شامل کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ راولپنڈی کے مسائل کے حل کے لیے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے، مخالفین نے تین برس میں صرف پراپیگنڈہ کیا، ماضی کی حکومتوں نے میرٹ کے نام پر اقربا پروری کے کلچر کو فروغ دیا،

سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث قومی خزانے کو نقصان پہنچا جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا، سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پرقومی وسائل کا بے دریغ زیاں کیا اور عوام کی بنیادی ضرورتوں کو نظرانداز کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عملی اقدامات کئے ہیں، کرپشن کرنے والوں کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست ختم ہو چکی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اور پرنسپل سیکرٹری پنجاب بھی موجود تھے۔