وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار 3سالہ کارکردگی کے لحاظ سے بہترین وزیراعلی قرار ،خیبر پختونخوا کے وزیراعلی محمود خان دوسرے نمبر پر رہے، انسٹی ٹیوٹ آف پبلک اوپنین کاسروے

لاہور۔18جنوری (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار 3سالہ کارکردگی کے لحاظ سے تمام وزرائے اعلی سے آگے ہیں اور رائے دہندگان کی اکثریت نے انہیں سب سے بہتر وزیراعلی قرار دیا جبکہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلی محمود خان دوسرے نمبر پر رہے۔انسٹی ٹیوٹ آف پبلک اوپنین کی طرف سے چاروں وزرا اعلی کی کارکردگی بارے جاری سروے کے مطابق پنجاب کے45فیصد رائے دہندگا ن نے کارکردگی کے لحاظ سے سردار عثمان بزدار کو بہترین وزیراعلی قراردیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے وزیراعلی محمود خان دوسرے،سندھ کے وزیراعلی مراد علی شاہ تیسرے اور بلوچستان کے وزیراعلی میر عبدالقدوس بزنجو چوتھے نمبر پر رہے۔انسٹی ٹیوٹ آف پبلک اوپنین کی طرف سے جاری سروے رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے41فیصد رائے دہندگان نے وزیراعلی محمود خان، سندھ کے 38فیصد نے وزیراعلی مراد علی شاہ اور بلوچستان کے 32فیصد رائے دہندگان نے وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی کارکردگی کے حق میں رائے دی۔

سروے میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے تعلیم،صحت کی سہولتوں کی فراہمی اور ڈویلپمنٹ کے لحاظ سے بھی دیگر وزرا اعلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ رائے دہندگان کی اکثریت نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے حق میں رائے دی اور 86فیصد رائے دہندگان وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں تعلیم کی سہولتوں کے حوالے سے حکومت کے اقدامات پر مطمئن ہیں جبکہ اسی حوالے سے خیبر پختونخوا حکومت80فیصد، بلوچستان حکومت 62 فیصداورسندھ حکومت 58فیصد رائے دہندگان کا اعتماد حاصل کر سکی ۔

وزیراعلی پنجاب کی قیادت میں پنجاب حکومت صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں بھی بازی لے گئی۔سروے رپورٹ کے مطابق پنجاب کے72فیصد رائے دہندگان صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے بزدار حکومت سے مطمئن ہیں۔صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے 67فیصد کے ساتھ خیبرپختونخوا حکومت دوسرے،56فیصد کے ساتھ بلوچستان حکومت تیسرے اور 53فیصد کے ساتھ سندھ حکومت چوتھے نمبر پر رہی ۔

سروے میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی سرفہرست رہے ۔ڈویلپمنٹ کے لحاظ سے پنجاب میں 51فیصد سردار عثمان بزدار کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ۔خیبر پختونخوا میں 48،بلوچستان میں 43اور سندھ میں 38فیصد رائے دہندگان نے اپنے صوبے کے وزرا اعلی پر اعتماد کااظہارکیا۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سروس ڈلیوری کے لحاظ سے بھی نمایاں رہے۔

پنجاب کے 61فیصد رائے دہندگان سرکاری محکموں میں سروس ڈلیوری پر وزیراعلی پنجاب کے اقدامات سے مطمئن ہیں ۔خیبر پختونخوا حکومت پر 69فیصد، بلوچستان حکومت پر 54فیصد او رسندھ حکومت پر 50فیصد رائے دہندگان نے سروس ڈلیوری کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔