وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق ستھرا پنجاب مہم کوکامیاب بنایا جائے گا،صوبائی وزیر بلدیات

181
Maryam Nawaz Sharif
Maryam Nawaz Sharif

گوجرانوالہ۔ 10 مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیربلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق ستھراپنجاب مہم کوکامیاب بنایا جائے گا،قیادت کی جانب سے یہ اہم ذمہ داریاں مجھے ملی ہیں اور انجام دینے کیلئے کوئی کسراٹھا نہ رکھوں گا۔

یہ بات انہوں نے آج صوبائی وزیربلدیات پنجاب کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعداپنے حلقہ انتخاب ڈسکہ آمدپراہلیان ڈسکہ کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی چوہدری نویداشرف،سابق ایم پی اے چودھری جمیل اشرف سمیت کثیرتعداد میں معززین علاقہ بھی کثیرتعداد میں موجودتھے۔ انہوں کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق میونسپل سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے انفراسٹریکچر کو امپروو کیا جائے گا اور صفائی ستھرائی، سیوریج اور پینے کے صاف پانی کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پرانے اور نئے ڈسکہ دونوں میں جامع ترقیاتی منصوبوں کو شروع کیا جائے گا ، تمام ٹوٹ پھوٹ کا شکار روڈز کی تعمیر نو کی جائے گی اور 5 سال حکومت کے آخر میں جب عوام کی خدمت میں حاضر ہونگا تو آپ کو بدلا ہوا ڈسکہ دیکر جائیں گے۔ انہوں نے ڈسکہ میں ٹریفک کی روانی کیلئے انڈر پاسز اور فلائی اوورز تعمیر کئے جائیں گے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر کی ڈسکہ آمد پر اہلیان ڈسکہ /حلقہ نے جگہ جگہ والہانہ استقبال کیاگیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی اور ڈھول کی تھاپ پر روائتی بھنگڑا کا رقص پیش کیا گیا، مسلم لیگی کارکنوں نے شیر آیا کے زبردست نعرہ بازی کی اور آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔\