وزیراعلی پنجاب کا میو، سروسز ہسپتال اور کالج آف نرسنگ کا دورہ، چلڈرن ایمرجنسی، مین ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن پر پیشرفت کاجائزہ

125

لاہور۔5دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے میوہسپتال،سروسز ہسپتال اور کالج آف نرسنگ کا دورہ کیا،میو ہسپتال کے چلڈرن ایمرجنسی اور مین ایمرجنسی بلاک کے اپ گریڈیشن کے کامو ں پر پیشرفت کاجائزہ لیا۔

انہوں نے چلڈرن ایمرجنسی میں موجود خواتین سے بچوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا،چلڈرن ایمرجنسی کے فلورز پر مزدور غائب اورکوئی کام نہیں ہورہا تھاجس پر وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ چلڈرن ایمرجنسی کے فلورز کی اپ گریڈیشن کا کام 3 شفٹ میں کیاجائےاور چلڈرن ایمرجنسی کے فلورز کی اپ گریڈیشن کے کام کو تیزکیا جائے۔ محسن نقوی میو ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کے چاروں فلورز پر گئے اور تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا،انہوں نے ایمرجنسی بلاک میں جاری کامو ں پر اطمینان کااظہارکرتے ہوئے ایمرجنسی بلاک کو رواں ماہ مکمل کرنے اور دیواروں پر سیم کے مستقل او رپائیدار حل کی ہدایت کی۔

وزیر اعلی پنجاب کو بریفنگ میں تبایا گیا کہ ایمرجنسی بلاک میں فرشوں پر ٹائلز لگانے اور وائرنگ کاکام تیز ی سے جاری ہے۔ ائیر کنڈیشن سسٹم کی تنصیب بھی شروع کردی گئی ہے۔اپ گریڈیشن کا کام رواں ماہ مکمل کرلیاجائے گا۔ سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ اورکالج آف نرسنگ کا بھی دورہ کیا۔ کالج آف نرسنگ کی انتہائی بری حالت،کمروں میں گنجائش سے زیادہ چار پائیاں، ناکافی رہائشی سہولتیں،دیواریں سیم ،پینٹ خراب، صفائی کی ابتر صورتحال تھی،انہوں نے خراب صورتحال کا فوری نوٹس لیا اور43 برس بعدکالج آف نرسنگ کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے نرسنگ ہاسٹل کے کمروں کا معائنہ کیا اورزیر تعلیم نرسنگ طالبات سے مسائل پوچھے، طالبات نے رہائش کی ناکافی سہولتوں کے بارے میں شکایات کیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ 9 کروڑ روپے کی لاگت سے کالج آف نرسنگ کی تعمیر وبحالی کی جائے گی۔انہوں نے سروسز ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ڈاکٹرز کیفے ٹیریا کو اپ گریڈیشن پروگرام میں شامل نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہارکیا اور ڈاکٹرز کیفے ٹیریا کو مناسب جگہ پر منتقل کرکے اپ گریڈ کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے ایم ایس کے علاوہ تمام انتظامی دفاتر بیسمنٹ منتقل کرنے اورہسپتال کے عقب میں واقع غیر ضروری تعمیراتی سٹرکچر کوختم کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کی سہولت کیلئے لیب کو ہسپتال کے اندر مناسب جگہ پرمنتقل کیا جائے۔وزیر اعلی محسن نقو ی نے سروسز ہسپتال کی مین بلڈنگ کی اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایمرجنسی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کومقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ سروسز ہسپتال کا کالج آف نرسنگ 1980میں تعمیر ہواتھا۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم،سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، ایم ایس سروسز ہسپتال،سپیشل سیکرٹری صحت اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔