لاہور۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوا بازی خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) پنجاب اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت ہے،وزیراعلی پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کے حوالے سے آئین پاکستان گورنر کو واضح اختیار دیتا ہے۔
پیر کے روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ کے معاملے پر وزیراعلی پنجاب نے وہی کچھ کیا جو عمران خان کے معاملے پر ڈپٹی سپیکر نے کیا تھا جسے عدالت نے ریورس کیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق اس وقت وزیراعلی چودھری پرویز الہی کے پاس ووٹ پورے نہیں،ہم اعتماد کے ووٹ کے عمل کی مانیٹرنگ کر یں گے تاکہ یہ لو گ اس عمل میں ہیرا پھیری نہ کرسکیں۔