لاہور۔22اپریل (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے ضمنی انتخابات میں فتح یاب امیدواروں کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے حق رائے دہی کا صحیح استعمال کرنے پرعوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی قومی وصوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ باشعور عوام نے ثابت کردیا وہ اپنے ووٹ کے صحیح استعمال کا بھر پور شعور رکھتے ہیں۔عوام جان چکے ہیں کہ ان کی ترقی کیلئے محمد نوازشریف کی قیادت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی ترقی اورعوام کی خدمت صرف مسلم لیگ (ن) کا شعارہے اب پنجاب کوآگے لیکر جائیں گے،ترقی کا سفرہر روز تیز تر ہوگا۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے اس لئے عوام نے شفاف انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کو بھرپور اعتماد سے نوازا۔انہوں نے کہا کہ ہم کام کریں گے اورکرتے رہیں گے،ہمارا کام بولے گا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے انتخابات کے پرامن انعقاد پر انتظامیہ پولیس اوردیگر اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔