لاہور۔16جولائی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے کابینہ اور کیبنٹ کمیٹی لا اینڈ آرڈر کو یوم عاشورہ پر سکیورٹی انتظامات کی فول پروف مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے جبکہ وزیر اعلی کی ہدایت پر صوبائی وزرا ءامن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مختلف ڈویژنز اور اضلاع کے دورے کر رہے ہیں۔
منگل کے روز ایوان وزیر اعلی سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے نویں اور دسویں محرم کے سکیورٹی انتظامات کو ہر طرح سے فول پروف بنانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عزاداروں کے لئے سبیل اور لنگر کیلئے بھر پور معاونت کی جائے ،سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے وضع کردہ پلان اور ایس او پیز پر بھی ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے قریبی اشتراک کار یقینی بنائیں جبکہ مجالس اور جلوسوں کے شرکا کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے جس کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہر شہر میں پر امن فضا برقرار رکھنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے،قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح متحرک اور مستعد رہیں۔مریم نوازشریف نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر تعینات نفری کی مانیٹرنگ بھی ناگزیر ہے اور شرپسند عناصرپر کڑی نظر رکھی جائے جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔