
لاہور۔16اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کا براہ راست فائدہ پنجاب کے عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اس ضمن میں وزیراعلی آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا،وزیراعلی محسن نقوی نے قیمتو ں میں کمی کیلئے 48گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی،ورٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10فیصد تک کمی لانے کا ٹاسک دیا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے کہاکہ پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے ٹرانسپورٹ کے کرائے کم کئے جائیں گے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو ٹرانسپورٹرز کے ساتھ فوری میٹنگ کرنے کی ہدایت کی جبکہ صوبائی وزیر صنعت و زراعت ایس ایم تنویر گھی،فلوراو ردیگر ایسوسی ایشنز کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔اسی طرح سیکرٹری زراعت،کمشنرز او رڈپٹی کمشنرز کو روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں کمی لانے کا ٹاسک دیا گیاہے۔چیف سیکرٹری روزانہ کمشنرز او رڈپٹی کمشنرز کے ساتھ میٹنگ کر کے قیمتو ں میں کمی کے حوالے سے اقدامات کاجائزہ لیں گے۔
وزیراعلی محسن نقوی نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو عوام کو ریلیف دینے کے لئے فعال کردار ادا کرنے کاحکم دیااورکہاکہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صوبے کے عوام کو منتقل کر کے ریلیف دیاجائے گا۔حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے جو تاریخی ریلیف دیاہے اس کا فائدہ دیگر اشیا کی قیمتوں اور کرایوں میں کمی کر کے عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔
پوری ٹیم عوام کو ریلیف دینے کیلئے دن رات ایک کردے اوربھرپور محنت کر کے خلق خدا کی دعائیں لیں۔ صوبائی وزرا ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم،منصور قادر،عامر میر،بلال افضل،ابراہیم حسن مراد،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،سیکرٹریزقانون، صنعت، خوراک، لائیوسٹاک، زراعت،خزانہ، سی سی پی او، کمشنر لاہورڈویژن، چیئرمین پنجاب پرائس کنٹرول، ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن اور متعلقہ حکام نے ا جلاس میں شرکت کی جبکہ تمام کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔