وزیرا عظم عمران خان کی کالم نویسوں پر مشتمل وفد سے گفتگو

134
APP84-16 ISLAMABAD: November 16 - Prime Minister Imram Khan meeting with a delegation of Columnists at PM office. APP

اسلام آباد۔ 16 نومبر (اے پی پی) وزیرا عظم عمران خان نے حکومت کے100 دن کی تکمیل پر تعلیم، صحت، غربت کے خاتمے سمیت متعدد شعبہ جات پرمبنی جامع پروگرام قوم کے سامنے پیش کرنے کاا علان کرتے ہوئے کہا ہے کہ درپیش مشکل حالات کے باوجود آئندہ چند ماہ میں واضح تبدیلی نظر آئے گی، معیشت کی پائیدار ترقی کے لئے برآمدات میںاضافہ، سرمایہ کاری کو فروغ ، بیرون ملک سے ترسیلات کو بڑھانا اور منی لانڈرنگ پر قابو پانا ہوگا، ہماری جنگ جمہوریت پسندوں نہیں بلکہ ملک کو تباہ کرنے والوں کے خلاف ہے، ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتاجب تک حقیقی معنوں میں جمہوریت نہ آئے۔ انہوں نے یہ بات کالم نویسوں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو وزیرا عظم آفس میںان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اہم ملکی امور اور حکومتی پالیسیوں پرتفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیرِ اعظم نے کہاکہ موجودہ حکومت اپنے 100 دن کی تکمیل پر تعلیم،صحت، غربت کے خاتمے اور دیگر کئی حوالوں سے مفصل اور جامع پروگرام قوم کے سامنے پیش کرے گی۔ کسی بھی حکومت میں پہلے سو دن حکومت کی آئندہ سمت کا تعین کرتے ہیں۔ان 100 دنوں کی اہمیت اس لحاظ سے اہم ہے کہ اس میں عوام کو یہ واضح ہوجاتا ہے کہ حکومت کی سمت کیا ہے اور مستقبل میں کیا پالیسیاں اختیار کی جائیں گی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں کبھی جمہوریت کے لئے کوشش نہیں کی گئی۔ جمہوریت کی بجائے "کلپٹو کریسی” کا رواج رہا ہے جہاں حکومت کرنے والے اقتدار کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کرتے رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ایک ٹریلین ڈالر غریب ملکوں سے امیر ملکوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔