اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے وزارتِ خارجہ کے مڈل ایسٹ ڈویژن، پروٹوکول ڈویژن اور جی ایس ڈائریکٹوریٹ کے افسران کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے بہترین انتظامات پر شاباش اور مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ دورہ کے دوران دونوں ممالک کے مابین جو معاہدے ہوئے وہ پاکستان اور پاکستان کے عوام کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیرخارجہ نے منگل کو وزارتِ خارجہ کے افسران کے اعزاز میں چائے کا اہتمام کیا۔ تقریب میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سمیت وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تاریخی فقیدالمثال استقبال کے شاندار انتظامات کرنے پر تمام افسران کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس دورہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جو معاہدے ہوئے وہ پاکستان اور پاکستان کے عوام کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔